جنوبی افریقی بولر فنگیسو کا بولنگ ایکشن غیر قانونی

جوہانسبرگ، 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)جنوبی افریقہ کے اسپن بولر ایرون فنگیسو کا ایکشن ٹسٹ کے بعد غیر قانونی پایا گیا جس کے بعد ان کی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ فنگیسو کے بولنگ ایکشن کو گزشتہ ماہ ڈومیسٹک ونڈے کپ کے دوران مشکوک قرار دیا گیا تھا جس کے بعد انھیں فوری طورپر ٹسٹ کیلئے بھیجا گیا تھا۔ ساؤتھ افریکا کرکٹ ( سی ایس اے ) نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ یہ ٹسٹ پریٹوریا میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے منظور شدہ لیباریٹری سے کرایا گیا جہاں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ اُن کا بازو مقررہ حد 15 ڈگری سے تجاوز کررہا ہے۔ فنگیسو کا نام آسٹریلیا کے خلاف جمعہ کو شروع ہونے والی تین میچوں کی سیریز کے ابتدائی دو ٹی ٹوئنٹی میچوں سے واپس لیا گیاہے لیکن وہ اسکواڈ کے ساتھ ہی رہیں گے جہاں وہ ٹیم کے بولنگ کوچ کلاؤڈے ہینڈرسن اور سی ایس اے کے اعلیٰ کارکردگی منیجر وینسنٹ برنیس کے ساتھ اپنے ایکشن پر کام کرتے رہیں گے۔ وہ پیر کو ایک دفعہ پھر ٹسٹ کیلئے جائیں گے۔