پورٹ ایلزبتھ۔31ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹسٹ کا آخری دن بارش کی نذر ہو گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا۔ کریگ بریتھ وائٹ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ میزبان ٹیم کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ پورٹ ایلزبتھ میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا سیریز کا دوسرا ٹسٹ بارش کے باعث فیصلہ کن ثابت نہ ہو سکا، میچ کے دوسرے دن بارش کی وجہ سے صرف 6 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا تھا۔ تیسرے اور چوتھے دن بھی بارش نے کھیل کو متاثر کیا تاہم آخری دن بارش کے باعث ایک بھی اوور کا کھیل ممکن نہ ہو سکا۔ چوتھے دن جب کھیل ختم ہوا تھا تو ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز 417 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 9 وکٹوں پر 275 رنز بنائے تھے۔ میزبان ٹیم کے لئے مورنی مورکل نے 4، عمران طاہر نے 3 اور فلینڈر نے ایک وکٹ حاصل کی۔