جنوبی افریقہ ۔آسٹریلیا سیریز ’فقرے کسنے کی جنگ ہوگی‘

جوہانسبرگ ، 22 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے کوچ ڈارن لیمن نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ ونڈے میچوں کی سیریز میں دونوں ٹیموں کی جانب سے سلجنگ ہوگی یعنی حریف کھلاڑیوں کے ایک دوسرے کے خلاف تیر و نشتر کی مانند فقرے کسے جائیں گے۔ یہ بات آسٹریلیائی کوچ نے گزشتہ روز جنوبی افریقہ کے خلاف 30 ستمبر سے شروع ہونے والی ونڈے سیریز کیلئے افریقی ملک پہنچنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں کہی۔ لیمن کا ماننا ہے کہ ’ونڈے میچوں کی ٹیم ٹسٹ ٹیم کے مقابلے میں مختلف ہے اور وہ زیادہ فقرے کسنے کی جانب مائل ہیں۔‘‘ فرانسیسی خبر رساں ادارہ ’اے ایف پی‘ کے مطابق لیمن نے صحافیوں کو یقین دلایا کہ ’’میرے خیال میں یہ ایک زبردست سیریز ہوگی کیونکہ آسٹریلیا کی ونڈے ٹیم میں شامل کھلاڑی میدان پر بہت زیادہ بولتے ہیں۔‘‘ انھوں نے کہا کہ یہ دونوں ٹیموں میں ایک چیز بہت اچھی ہے اور یہ کہ دونوں ہی ٹیمیں میدان پر سخت کرکٹ کھیلتی ہیں۔ ’’میرے خیال میں اس سیریز کے دوران میدان پر فقرے کسنے سے دونوں ٹیموں کو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔‘‘ لیمن نے بتایا کہ اس سیریز کیلئے نوجوان کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے کہ تاکہ ٹسٹ کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو آرام دیا جا سکے۔ ’’ہم ونڈے ٹیم میں رد و بدل کرتے رہتے ہیں تاکہ اپنے ٹسٹ کرکٹ کے کھلاڑیوں کو آرام کا کچھ وقت دے سکیں۔‘‘ خیال رہے کہ آسٹریلیائی ٹیم میدان پر طنزیہ فقرے کسنے کیلئے خاصی شہرت رکھتی ہے۔ تاہم حال ہی میں سری لنکا کے خلاف کھیلی گئی تین ٹسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کی جانب سے ایسا کچھ دکھائی نہیں دیا ۔ شاید اس کی وجہ وہ دباؤ تھا جو سری لنکن ٹیم نے پوری سیریز کے دوران آسٹریلیا پر برقرار رکھا۔ اس سریز میں آسٹریلیا کو تینوں ٹسٹ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈارن لیمن نے بتایا کہ فاسٹ بولر جاش ہیزلووڈ اور مچل اسٹارک کو جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ تین نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری تمام تر توجہ آئندہ سال ہونے والی چمپینس ٹروفی اور 2019ء کے ورلڈ کپ پر مرکوز ہے۔