اے بی ڈی ولئیرس کا بہتر مظاہرہ جاری رہنے کی توقع ۔ موہالی پچ زیادہ ٹرن نہیں لے گی ۔ افریقی کوچ ڈومنگو کے تاثرات
ممبئی ۔ یکم نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کے ٹیم انتظامیہ کو امید ہے کہ اس کے ٹسٹ کپتان ہاشم آملہ ہندوستان کے خلاف پہلے ٹسٹ تک فارم میں آجائیں گے ۔ ہاشم آملہ نے جب 2010 میں افریقی ٹیم میں ہندوستان کا دورہ کیا تو انہوں نے تین اننگز میں 490 رنز بنائے تھے ۔ ان کا اعظم ترین اسکور 253 ناٹ آوٹ تھا جو انہوں نے ناگپور میں بنائے تھے ۔ تاہم جاریہ سیریز میں محدود اوورس کے میچس میں ان کا فارم خراب رہا ہے اور انہوں نے جملہ 128 رنز آٹھ میچس میں بنائے ہیں۔ انہوں نے وارم اپ میچ کے دوسرے دن بورڈ پریسیڈنٹس الیون کے خلاف صرف ایک رن بنایا تھا ۔ ٹیم کے ونڈے کپتان اے بی ڈی ولئیرس بہترین فارم میں ہیں اور انہوں نے سنچری بھی بنائی ہے ۔ یہ امید کی جا رہی ہے کہ اے بی ڈی ولئیرس ٹسٹ میں بھی اپنے بہترین مظاہرہ کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ جنوبی افریقہ کے کوچ رسل ڈومنگو نے یہ اعتراف کیا ہے کہ آملہ کا فارم تشویش کا باعث ہے تاہم انہوں نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ وہ بہت بڑے کھلاڑی ہیں
اور بہت جلد فارم میں واپسی کرینگے ۔ آملہ نیٹس میں پریکٹس میں اپنے فارم پر اور تکنیک و توازن پر توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آملہ سے امید کی جاسکتی ہے کہ وہ بہت جلد فارم میں واپسی کرینگے ۔ ڈی ولئیرس کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ اے بی نے اپنا آخری ٹسٹ ویسٹ انڈیز کے خلاف جنوری 2015 میں کھیلا تھا ۔ محدود اوورس کے مقابلوں میں وہ بہترین فارم میں ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ ٹسٹ میں بھی اسی فارم کا سلسلہ جاری رکھیں اور بڑے اسکورس کریں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم ممبئی سے موہالی روانہ ہوگی جہاں 5 نومبر سے وہ ہندوستان کے خلاف پہلا ٹسٹ میچ کھیلے گی ۔ چونکہ اکثر و بیشتر پچ کے تعلق سے تبصرے ہو رہے ہیں ایسے میں ڈومنگو نے کہا کہ انہیں امید نہیں ہے کہ موہالی کی پچ زیادہ ٹرن لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی فیصلہ نہیں کیا ہے کہ میچ میں کن کھلاڑیوں کو شامل کرینگے ۔ ہم کو پچس دیکھنا ہے ۔ تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ موہالی کی پچ روایت کے مطابق زیادہ ٹرن لینے والی نہیں ہوگی ۔ سابق آسٹریلیائی بلے باز مائیکل ہسی کی بیٹنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے شمولیت کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ مائیک ایک اچھی شخصیت ہے اور اس کے اثر نے کام کرنا شروع کردیا ہے ۔ جنوبی افریقہ نے ہندوستان کے خلاف پانچ ونڈے میچس کی سیریز 3 – 2 سے جیت لی ہے ۔