جنوبی افریقہ کو نیدر لینڈز کیخلاف بڑی کامیابی ناگزیر

چٹگانگ۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقی ٹیم کل سوپر 10 میں اپنا اگلا مقابلہ نیدرلینڈز کے خلاف کھیل رہی ہے اور ٹیم کوشاں ہے کہ وہ کمزور حریف کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے رن ریٹ کو بہتر کرے۔ جنوبی افریقی ٹیم جس نے نیوزی لینڈ کے خلاف 2 رنز کی قریبی کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ اسے ٹورنمنٹ کے اپنے افتتاحی مقابلے میں سری لنکا کے خلاف شکست ہوئی تھی جس کی وجہ سے دو مقابلوں کے بعد اس کا رن ریٹ -0.075 ہے۔ جنوبی افریقی ٹیم ٹورنمنٹ میں تاحال ایک کامیابی اور ایک شکست کے بعد ٹیموں کے جدول میں تیسرے مقام پر موجود ہے، لہذا وہ نیدرلینڈز کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہفتہ کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے اپنے آخری مقابلے میں کسی سنگین صورتِ حال کا سامنا نہیں کرنا چاہتی ہے۔

ٹیموں کے جدول میں گروپ کی نمبر ایک ٹیم سری لنکا ہے جس نے اپنے ابتدائی دونوں مقابلوں میں فتوحات حاصل کرتے ہوئے نمبر ایک مقام پر موجود ہے۔ دوسرے مقام کیلئے جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان سخت مسابقت ہے۔ جنوبی افریقہ ٹیم کو متوازن بولنگ اور مستحکم بیٹنگ شعبہ کی خدمات دستیاب ہے جس کی وجہ سے اسے ٹورنمنٹ کی ایک بہتر ٹیم قرار دیا جارہا ہے۔ مرنی مرکل کا ناقص فام جنوبی افریقی ٹیم کیلئے تشویش کا باعث ہے کیونکہ نیوزی لینڈ کے بیٹسمنوں نے ان کے 3 اوورس میں 50 رنز اسکور کئے ہیں جس کی وجہ سے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین اور سوٹ سوبے پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ دوسری جانب نیدرلینڈز کی ٹیم جس نے آئرلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دیتے ہوئے سوپر 10 میں رسائی حاصل کی ہے لیکن سوپر 10 کے افتتاحی مقابلے میں اسے سری لنکا کے خلاف صرف 39 رنز پر ڈھیر ہونا پڑا۔