پورٹ ایلزبتھ ، 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کے بولروں نے سری لنکا کے خلاف بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کا مداوا کرتے ہوئے سیریز کے پہلے ٹسٹ کے آج تیسرے روز مہمان ٹیم کو 205 پر آل آؤٹ کردیا۔ تادم تحریر جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز میں 137/1 اسکور کئے جو 218 رنز کی مجموعی سبقت ہوچکی ہے۔ اوپنر ڈین ایلگار 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ دیگر اوپنر اسٹیفن کک (69*) اور ہاشم آملہ (13*) ناٹ آؤٹ تھے۔ دوسرے روز جب جنوبی افریقہ نے کھیل کا آغاز کیا تو اُن کے 6 بلے باز محض 267 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے اور ٹیم شدید دبائو کا شکار تھی۔ سری لنکا کے پرادیپ نے ورنن فلینڈر اور کوئنٹن ڈی کوک کو آئوٹ کرکے میزبان ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کردیا جبکہ سرنگا لکمل نے مہاراج کو پویلین بھیج کر میچ میں اپنی 5 وکٹیں مکمل کیں۔ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 286 رنز پر آئوٹ ہوئی اور سری لنکا کو میچ میں اپنی پوزیشن بہتر کرنے کا نادر موقع ملا مگر وہ اس سے فائدہ اٹھانے میں ناکام ہوئے۔ سری لنکن بیٹسمین بھی میزبان ٹیم کی طرح شروع سے ہی دبائو کا شکار رہے اور پہلی وکٹ 10 رنز پر گری جس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور 61 رنز پر چار بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔ کپتان انجیلو میتھیوز نے 39 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی کوشش کی لیکن کگیسو رباڈا نے ان کی کوششوں کو بھی سمیٹ لیا جبکہ دنیش چندی مل 28 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے فاسٹ بولر ورنن فلینڈر نے 5/45 اور کائل ایبٹ نے 3/63 کے اعداد وشمار درج کرائے۔