جنوبی افریقہ ویمنس ٹیم کیلئے ہندوستانی حالات سازگار

جوہانسبرگ۔ 26 فبروری ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کرکٹ نے 8 مارچ تا 3 اپریل ہندوستان میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ویمنس ورلڈ ٹی ۔ 20 کے بارے میں بہتر موقع کی اُمید ظاہر کی ہے ۔ ویمنس ٹیم کے کوچ ہلٹن مورنگ نے کہاکہ ’’ٹیم میں شامل 80 فیصد کھلاڑی برصغیر بالخصوص ہندوستان کے حالات کو بخوبی سمجھتی ہیں ۔ ان میں ایسی کئی کھلاڑی نہیں ہیں جو ہندوستان میں پہلی مرتبہ حالات کا سامنا کررہے ہیں ۔ وہ وہاں کھیل کی عادی ہیں‘‘ ۔ جنوبی افریقہ اگرچہ آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ ، سری لنکا اور آئرلینڈ کے ساتھ سخت گروپ اے میں شامل ہے لیکن مورنگ کو کاپنی ٹیم کے ناٹ آؤٹ مرحلہ کیلئے کوالیفائی ہونے کے امکانات پر پورا بھروسہ ہے۔
پیٹر سڈل کا کیریئر غیر یقینی کا شکار
میلبورن۔ 26 فبروری ۔ (سیاست ڈاٹ کام )  آسٹریلیا کے اسٹار فاسٹ باولر پیٹر سڈل کو زخموںنے گھیر لیا ہے۔ پہلے ان کے گھٹنے پر انجری ہوئی اب ان کے پٹھوں میں کھچاو آگیا ہے جس کی وجہ سے ان کے کیریئر پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پیسر اس وقت اپنے کیریئر کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان کو مسلسل انجریز پیش آرہی ہیں جس سے ان کیلئے دوبارہ کھیلنا مشکل ہو رہا ہے لیکن ان کو امید ہے کہ وہ جلد میدان میں واپس آئینگے۔