بلاویو۔21اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ نے زمبابوے کو تیسرے ونڈے میں 7وکٹوں سے شکست دے کر تین مقابلوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کا مکمل صفایا کردیاہے ۔ آج یہاں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری مقابلہ میں زمبابوے نے کپتان ایلٹن چکمبورا کے کریئر کی شاندار اننگز کے باوجود 39.5اوورس میں 165رنز پر ڈھیر ہوگئی۔چکمبورا نے 122گیندوں میں 10چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 90رنز اسکور کئے ۔ سکندررضا نے 30 اور ولیمس نے 17رنز اسکور کئے ۔ ان کھلاڑیوں کے علاوہ دوسرا کوئی بیٹسمین دوہرے ہندسہ کو عبور نہیں کرپایا ۔ جنوبی افریقہ کیلئے ڈی لانگے نے 31رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ جنوبی افریقہ کیلئے وکٹ کیپر بیٹسمین ڈی کاک نے 75گیندوں میں 7چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 84رنز اسکور کرتے ہوئے آسان نشانہ کو مزید آسان کردیا ۔کپتان فاف ڈپلوسی نے 33گیندوں میں 8چوکوں کی مدد سے 40رنز کی اننگز کھیلی ۔ جنوبی افریقی ٹیم میں آج کئی تبدیلیاں کی گئی تھی اور راسوکے ہمراہ شیزی کو بین الاقوامی کریئر کے آغاز کا موقع دیا گیا جہاں شیزی نے 6اوورس میں 8رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آوٹ کرتے ہوئے اپنے بین الاقوامی کریئر کا متاثرکن آغاز کیا ۔ سیریز میں شاندار مظاہروں کی بدولت جنوبی افریقی بیٹسمین ڈی کاک کو سیریزکے علاوہ مقابلے کا بھی بہترین بیٹسمین قرار دیا گیا ۔