جوہانسبرگ ، 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے ونڈے میں 142 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔ آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر میزبان جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فاف ڈوپلیسی کی ٹیم نے بڑا اسکور ترتیب دیا۔ ریگولر کیپٹن اے بی ڈی ولیئرز اور مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ کی عدم موجودگی میں ڈوپلیسی نے کپتانی کی۔ جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 361/6 بنائے۔ 362 رنز کے پہاڑ جیسے ٹارگٹ کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار نظرآئی۔ کپتان اسمتھ 14 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 50 رنز اور ٹریوس ہیڈ نے سب سے زیادہ 51 رنز بنا کر کچھ مزاحمت ضرور کی جو ناکافی ثابت ہوئی اور ورلڈ چمپینس 219 پر آل آؤٹ ہوئے اور 142 رنز سے شکست ہوئی جو سیریز میں مسلسل دوسری ناکامی ہے۔ ڈوپلیسی کو میچ ایوارڈ دیا گیا۔