جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سبقت کا مقابلہ

سڈنی۔26فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) کریس گیل کے عالمی ریکارڈ سے تازہ دم اور بلند حوصلوں کی ویسٹ انڈیز ٹیم کل یہاں پول۔بی میں جنوبی افریقہ کے خلاف میدان میں اترے گی ۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کو گروپ مرحلہ کے اپنے دوسرے مقابلہ میں ہندوستان کے خلاف 130رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی ۔ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جانے والے اس مقابلہ میں عوامی توجہ پھر ایک مرتبہ کریس گیل پر مرکوز ہوگی اور خصوصاً حریف ٹیم میں موجود فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کی قیادت میں مورنی مورکل اور ورنان فیلنڈر کے خلاف گیل کے مظاہرے اہمیت کے حامل ہوں گے ۔ افتتاحی مقابلہ میں ایئرلینڈ کے خلاف حیران کن شکست کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے اپنی تمام تر صلاحیتوں کا مظاہرہ پاکستان کے خلاف کرتے ہوئے پہلی کامیابی 150رنز کی شکل میں حاصل کی تھی

جس کے بعد زمبابوے کے خلاف گیل نے 147گیندوں میں 215رنز اسکور کرنے کے علاوہ مارلون سیمولس کے ہمراہ دوسری وکٹ کیلئے ریکارڈ 372رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ہے ۔ گیل وہ واحد غیرہندوستانی کھلاڑی بنے ہیں جنہوں نے ونڈے میں ڈبل سنچری اسکور کی ہے کیونکہ سب سے پہلے ڈبل سنچری بنانے کا اعزاز سچن تنڈولکر نے حاصل کیا جس کے بعد ویریندر سہواگ نے 200رنز کا نشانہ عبور کیا جن کے نقش قدم پر روہت شرما نے دو مرتبہ یہ کارنامہ انجام دے دیاہے ۔ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیم کے درمیان کل کھیلے جانے والے اس مقابلہ میں سبقت جنوبی افریقی ٹیم کو ہی حاصل رہے گی جیسا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان حالیہ دنوں میں جو سیریز منعقد ہوئی تھی اُس میں افریقی ٹیم نے حریف ٹیم کو بہ آسانی شکست دی تھی ۔

چنانچہ جنوبی افریقی ٹیم کو ویسٹ انڈیز پر نفسیاتی برتری حاصل رہے گی۔ ویسٹ انڈیز کے کوچ اسٹیورٹ ولیمس نے اس مقابلہ کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ میںہم دنیا کی نمبر ایک ٹیم کا سامنا کررہے ہیں لہذا حالات آسان نہیں ہوں گے ۔ اس اہم مقابلہ کیلئے کھلاڑیوں نے بہترین تیاری کررکھی ہے اور وہ بہتر مظاہرہ کیلئے پُر امید ہے ۔ جنوبی افریقی ٹیم ورلڈ کپ میں تاحال اپنے معیاری مظاہروں کو پیش نہیں کرپائی ہے جیسا کہ زمبابوے کے خلاف افتتاحی مقابلہ میں کامیابی کے لئے سخت جدوجہد کرنی پڑی جب کہ ہندوستان کے خلاف منعقدہ مقابلہ میں ٹیم بے رنگ نظر آئی ۔ اے بی ڈی ویلئرس کی زیرقیادت جنوبی افریقی ٹیم کو ہندوستان کے خلاف صدفیصد ریکارڈ رکھتی تھی

لیکن ہندوستان کے خلاف گذشتہ مقابلہ میں سے شرمناک شکست برداشت کرنی پڑی ۔ ڈیل اسٹین کی قیادت میں جنوبی افریقی ٹیم کا بولنگ شعبہ معمولی دکھائی دیا کیونکہ شکھر دھون نے 137رنز کی اننگز کھیلی تھی ۔ شائقین کو یہ دیکھ کر بھی تعجب ہوا کہ جنوبی افریقی ٹیم جس کی فیلڈنگ غیر معمولی ہوتی ہے اس نے گذشتہ مقابلہ میں دو کیچس چھوڑنے کے علاوہ رن آؤٹ کے مواقع بھی گنوائے ۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف کل کھیلا جانے والا مقابلہ ایک نئی شروعات ہوگی جس کے متعلق جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان اے بی ڈی ویلئرس پُرعزم ہے کہ اس مقابلہ میں ان کی ٹیم بہتر مظاہرہ کے ذریعہ کامیابی حاصل کرے گی ۔ ڈی ویلئرس نے اعتراف کیا کہ کل کے مقابلہ میں گیل اہم کھلاڑی ضرور ہوں گے لیکن ان کے بولرس حریف بیٹسمین کو رنز نہ بنانے دینے کی حکمت عملی پر کاربند ہیں۔