قاہرہ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق آرمی چیف عبدالفتاح السیسی کے صدارتی انتخاب لڑنے کے خلاف ہزاروں مصریوں نے احتجاج شروع کردیا ہے۔ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں اسلام پسندوں کے احتجاجی مظاہرے کے دوران پولیس کے ساتھ جھڑۃ میں ایک خاتون صحافی کے بشمول تین افراد ہلاک ہوگئے۔
اسلام پسند مستعفی آرمی چیف فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی کے صدارتی انتخاب لڑنے کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ معزول صدر محمد مُرسی کے حامیوں نے قاہرہ اور ملک کے دوسرے شہروں میں عبدالفتاح السیسی کے صدارتی انتخاب لڑنے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ اخوان المسلمون اور ان کی حامی جماعتو ں کے وابستگان مصری فورسیز کی جانب سے اپنے خلاف کریک ڈاؤن کے باوجود گزشتہ سال جولائی میں ڈاکٹر محمد مُرسی کی برطرفی کے بعد سے فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی اور ان کے اقدامات کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرتے چلے آرہے ہیں۔