عسکریت پسندوں کیخلاف فوج کی تلاشی مہم، غیرمستعملہ شلس کو ناکارہ بنادیا گیا
جموں ۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سربراہ افواج جنرل دلبیر سنگھ سہاگ نے آج ناگروٹا میں واقع 16 ویں کور ہیڈکوارٹرز کا معائنہ کیا جہاں انہیں گذشتہ روز کے دہشت گرد حملہ کی تفصیلات سے واقف کروایا گیا جس میں فوج کے سات افسران اور جوان ہلاک ہوگئے تھے۔ اس دوران علاقہ میں روپوش باغی عسکریت پسندوں کے صفائے کیلئے فوجی کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکوریٹی فورسیس نے گذشتہ روز تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا تھا اور فرار ہوجانے والے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کیلئے جاری تلاشی مہم قریب الختم ہے۔ جنرل سہاگ آج دوپہر یہاں پہنچے تھے، جہاں سرکردہ کمانڈروں نے فوجی آرٹیلری یونٹ پر ہوئے دہشت گرد حملے کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ فوج کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ ’’کیمپ میں آج صبح تلاشی مہم شروع کی گئی۔ اس علاقہ کی صفائی کردی گئی ہے۔ دیگر عسکریت پسندوں کی موجودگی کا پتہ چلانے کیلئے یہ مہم چلائی جارہی ہے کیونکہ ہم کوئی جوکھم لینا نہیں چاہتے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران دستیاب کئی ایسے بارودی شلس کو ناکارہ بنادیا گیا جن کے دھماکے نہیں ہوئے تھے۔ جموں گذشتہ روز دو دہشت گرد حملوں سے دہل گیا تھا جس میں سات فوجی اہلکار اور چھ انتہائی مسلح عسکریت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔