جنتا پریوار کے انضمام پر اندیشے غیر ضروری

پٹنہ ۔18۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنتا پریوار کے انضمام پر سماج وادی پارٹی کے ایک سینئر لیڈر کے تبصرہ سے اندیشوں کے پیش نظر چیف منسٹر بہار نتیش کمارنے آج واضح طور پر کہا ہے کہ ہنوز یہ باب بند نہیں ہوا ہے جبکہ سماج وادی پارٹی لیڈر رام گوپال یادو نے کہا تھا کہ بعض فنی مسائل کی بناء بہار اسمبلی انتخابات سے قبل جنتا پریوار کا انضمام ممکن نہیں ہے جس کے باعث سیاسی حلقوں میں یہ بحث شروع ہوگئی کہ جنتا پریوار کا حشر کیا ہوگا اور انضمام پر مختلف اندیشہ ظاہر کئے جارہے ہیں۔ نتیش کمار نے بتایا کہ انہوں نے ملائم سنگھ یادو کو مشورہ دیا ہے کہ انضمام کمیٹی کا اجلاس طلب کریں جس میں شک و شبہات کے ازالہ کے بعد جاریہ بحث ختم ہوجائے گی ۔ نتیش کمار جو کہ انضمام کیلئے کلیدی رول ادا کیا ہے، بتایا کہ ان کی معلومات کے مطابق کوئی تکنیکی رکاوٹیں نہیں ہیں۔ اگر کوئی ٹیکنیکل مسائل پیدا ہوتے ہیں تو 6 رکنی کمیٹی کے اجلاس میں حل تلاش کرلیا جائے گا، جس نے قبل ازیں اجلاس میں مشترکہ انتخابی نشان اور پرچم کوقطعیت دینے پر رسمی کارروائی مکمل کرلی تھی۔ جنتا پریوار سے علحدہ ہونے والی جماعتوں کے انضمام پر الجھن اس وقت مزید شدت اختیار کرگیا جب آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے حال ہی میں یہ تبصرہ کیا تھا اگرچیکہ ان کی پارٹی انضمام کے حق میں ہے لیکن بعض ٹکنیکل مسائل درپیش ہیں اور اتحادبھی اس مسئلہ سے دوچار ہے ۔ واضح رہے کہ سماج وادی پارٹی ، جنتا دل (متحدہ) آر جیڈی ، جنتا دل (سیکولر) انڈین نیشنل لوک دل اور سماج وادی جنتا پارٹی کے اتحاد اور انضمام کی کوششیں جاری ہیں۔ انضمام کمیٹی کے ارکان میں رام گوپال یادو کے علاوہ دیگر 5پارٹیوں کے سربراہان بشمول لالو پرساد یادو شامل ہیں جس کا اجلاس ملائم سنگھ یادو کی صدارت میں منعقد ہوگا ۔ چیف منسٹر بہار نے کہا کہ جنتا دل متحدہ انضمام کے وعدہ پر کاربند ہے اور اس خصوص میں پارٹی کیلئے کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انضمام کا عملمکمل کرلیا گیا ہے۔ ملائم سنگھ یادو کو سربراہ منتخب کرلیا گیا اور اب انحراف کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ تاہم رام گوپال یادو کے تبصرہ کو نظر انداز کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ یہ ان کا ذاتی نقطہ نظر ہے اور یہ فطری عوامل ہے جبکہ یہ ان کی پارٹی کا سرکاری بیان نہیں ہے۔ یہ دریافت کئے جانے پر انضمام کوقطعیت دینے کیلئے 25 اپریل کو منعقد ہونے والا اجلاس کیوں ملتوی کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ زلزلہ کے باعث یہ اجلاس منعقد نہیں کیا جائے گا ۔ لالو پرساد یادو کے تبصرہ پر نتیش کمار نے کہا کہ اگر کوئی ٹکنیکل مسائل ہیں تو ہمیں سب سے پہلے غور و خوض کرنا چاہئے اور کوئی حل نہ نکلنے پر متبادل تلاش کیا جاسکتا ہے۔