جنتا پریوار کا مطلب ملائم‘لالو پریوار :آدتیہ ناتھ

بلرام پور 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) نئے تشکیل دیئے گئے جنتا پریوار کو ’’سیاسی موقع پرستی ‘‘ پر مبنی فرنٹ سے تعبیر کرتے ہوئے بی جے پی رکن پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ نے آج کہا کہ یہ صرف سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کا ’’پریوار‘‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملائم سنگھ یادو اور لالو پرساد یادو نے اپنے خاندانی روابط کو پارٹی میں بدل دیا ہے ۔ جنتا پریوار کا مطلب ملائم اور لالو پریوار ہے جس میں جنتا بالکل نہیں ہے ۔ یہ پریوار عنقریب ٹوٹ جائے گا ۔ انہو ںنے کہا کہ سیاسی موقع پرستی کے اس محاذ سے بی جے پی کے امکانات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔ اتر پردیش کے کابینی وزیر اعظم خان پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ایسے لوگ جنہیں ہندوستانی روایات ‘تہذیب اور شخصیتوں پر ایقان نہیں ہے انہیں جلد از جلد یہ ملک چھوڑ دینا چاہئے ۔ آدتیہ ناتھ نے کہا کہ مخالف قوم طاقتیں کشمیری پنڈتوں کی باز آبادکاری نہیں چاہتی۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی نے اس مقصد کیلئے روڈ میاپ تیار کیا ہے اور بہت جلد اس پر عمل کیا جائے گا۔