پٹنہ ۔ /10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنتاپریوار کے فریقین نے انضمام کے تعلق سے ہنوز کوئی مثبت ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے اور سماج وادی پارٹی لیڈر رام گوپال یادو نے آج یہ اشارہ دیا ہے کہ انضمام کیلئے کوئی جلد بازی نہیں کی جائے گی ۔ اس طرح بہار میں جنتادل (یو) اور آر جے ڈی اتحادبھی غیریقینی ہوگیا ہے ۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار انضمام کے حق میں ہیں کیونکہ 2015 ء میں اسمبلی انتخابات کے نتائج ان کے سیاسی مستقبل پر اثرانداز ہوں گے ۔ لیکن وہ آر جے ڈی کو اب تک تنقیدوں کا نشانہ بناتے رہے تھے ۔ابتدائی مذاکرات میں جنتادل (یو) اور آر جے ڈی نے ریاست کے 50 فیصد نشستوں پر فی کس مقابلے سے اتفاق کیا تھا لیکن جنتاپریوار کے رسمی انضمام کے بعد ہی اسے قطعیت دی جانے والی تھی ۔