کٹک ۔ /25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنتادل(سیکولر) پر شدید تنقید کرتے ہوئے کانگریس صدر راہول گاندھی نے کہا کہ سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کی پارٹی کو بی جے پی کے ساتھ اپنے تعلقات پر واضح موقف اختیار کرنا چاہئیے ۔ کانگریس صدر نے کہا کہ جنتادل کو اس بات کو عوام کے لئے واضح کرنا چاہئیے کہ آیا وہ بی جے پی کی ’’بی‘‘ ٹیم ہے یا نہیں ۔ راہول نے یہ باتیں میسور میں ایک عوامی ریالی سے خطاب کرتے وقت کہیں ۔ واضح رہے کہ صدر کانگریس کرناٹک میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے میسور کے علاقے میں انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں ۔ میسور میں ووکالی سماج کی اکثریت ہے اور جنتادل (سیکولر) ان لوگوں کی حمایت حاصل ہے ۔ کرناٹک میں اسمبلی انتخابات اپریل ۔ مئی میں ہوں گے ۔ راہول گاندھی نے بے روزگاری کو نئی نسل کا سب سے بڑا مسئلہ بتاتے ہوئے بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اپنے وعدہ پورے نہیں کررہی ہے ۔ اپنے خطاب میں راہول نے جہاں کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا کو صاف و شفاف حکمرانی کرنے کا سرٹیفکیٹ دیا تو وہیں انہوں نے نیرومودی پر سوال اٹھاتے ہوئے وزیراعظم کے خاموش پر سوال کھڑا کیا ۔