نئی دہلی ۔17 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے آج صدر کانگریس راہول گاندھی کے اس ٹوئٹ کو کے وہ قطار میں کھڑے آخری شخص کا ساتھ دینا چاہیں گے ، اُن کے مبینہ ریمارکس کا اعتراف ہے کہ اُن کی پارٹی مسلمانوں کے لئے ہے ۔ بی جے پی ترجمان سمبت پاترا نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ راہول نے اپنے تبصروں کی تردید نہیں کی جبکہ زعفرانی پارٹی نے اُنھیں مسلمانوں کی خوشامد کا مورد الزام ٹھہرایا تھا ۔ اُنھوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس لیڈر بانی پاکستان محمد علی جناح کی وراثت کو آگے بڑھانے میں اے آئی ایم آئی ایم سربراہ اسدالدین اویسی کے ساتھ مسابقت میں ہیں ۔ پاترا نے کہاکہ اُنھوں(راہول) نے ابھی تک اپنے تبصروں کی تردید نہیں کی ہے ، ہمیں اس بات کی نفی نظر نہیں آئی کہ راہول گاندھی نے جو کچھ کہا ہے وہ غلط ہے ۔ بلکہ وہ تو اب اعتراف کررہے ہیں ۔ انھوں نے واضح طورپر اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ قبول کرلیاہے کہ کانگریس مسلمانوں کی پارٹی ہے ۔ اُن کے ٹوئٹ نے کچھ وضاحت تو نہیں کی بلکہ مزید اُلجھن پیدا کرتی ہے ۔ پاترا راہول گاندھی کے اس ٹوئٹ پر ردعمل ظاہر کررہے تھے کہ وہ کسی بھی معاملے میں سب سے آخر میں کھڑے شخص کا ساتھ دینا چاہیں گے۔