جناب سید وقار الدین ملت کی ایک عظیم دردمند شخصیت

محبوب نگر /24 مئی (ذریعہ فیکس) جناب حلیم بابابر صدر بزم کہکشاں نے کل شام ایک اجلاس میں جناب سید وقار الدین ایڈیٹر رہنمائے دکن و صدر انڈو عرب لیگ کی دردمندانہ و مخلصانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف نے اپنی ساری زندگی بیت المقدس کی بازیابی و فلسطینی عوام کو انصاف دلانے میں گزاردی، جس کی جتنی ستائش کی جائے کم ہے۔ اس طرح ملت اسلامیہ کی نظروں میں موصوف ایک دردمند اور عظیم المرتبت انسان کی حیثیت سے دیکھے جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فلسطینی حکومت کی جانب سے موصوف کو ستارہ یروشلم ایوارڈ کا ملنا بہت بڑا اعزاز ہے، جس پر ملت فخر کرتی ہے، جب کہ ملت اسلامیہ میں موصوف جیسی دردمند شخصیت کا فقدان ہے۔ انھوں نے کہا کہ جناب سید وقار الدین نے اپنی خدمات اور اقدامات کے ذریعہ فلسطینی حکام کو جھنجھوڑا ہے اور اس خصوص میں جلسوں کے انعقاد اور اپنے پیامات کے ذریعہ مسلسل نمائندگی کرتے ہوئے بیت المقدس کی بازیابی اور فلسطین پر ظلم و بربریت کے خلاف اپنی آواز بلند کی۔ مسلمانان عالم آپ کی جدوجہد اور عزائم کو سلام کرتے ہیں اور مکمل صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔