ہنمکنڈہ۔/2 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب سید محی الدین احمد قادری المعروف حامد قادری فرزند جناب سید مرتضیٰ قادری المعروف برکات پاشاہ کا کل شام حیدرآباد میں انتقال ہوا تھا۔ نماز جنازہ رات دیر گئے درگاہ حضرت سید شاہ افضل بیابانی قاضی پیٹ میں ادا کی گئی ۔ تدفین قبرستان احاطہ درگاہ حضرت افضل بیابانیؒ میں عمل میں آئی۔ جناب حامد قادری بانی ’سیاست‘ جناب عابد علی خان صاحب کے داماد اور جناب زاہد علی خاں صاحب ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ کے بہنوئی اور جناب عامر علی خان صاحب نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ کے پھوپھا ہوتے ہیں۔ جناب حامد قادری حضرت سید افضل بیابانیؒ کے نواسے ہوتے ہیں۔ نماز جنازہ میں جناب زاہد علی خاںصاحب ، جناب عامر علی خاں، جناب اکبر نظام الدین، جناب خسرو پاشاہ ، جناب ظہیر الدین علی خان کے فرزندان، ورنگل اور حیدرآباد کے کثیر لوگ شریک تھے۔ اس کے علاوہ ورنگل کے قائدجناب باسط طاہر، نامہ نگار سیاست شاہنواز بیگ، محمد اسمعیل ذبیح ، محمد نعیم، منصف ٹی وی کے ایس ایم سعید اور دیگر صحافی شریک تھے۔