جن، بھوت یا آسیب، حارث سہیل شدید بیمار

کرائسٹ چرچ۔ 27جنوری۔(سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے ہوٹل میں حارث سہیل پر جن، بھوت یا آسیب کا سایہ ہوجانے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے اور سہیل شدید بیمار ہو گئے ۔ کہتے ہیں ہوٹل کے کمرے میں پراسرار شے نے انہیں بہت تنگ کیا۔ کرائسٹ چرچ جن بھوت اور پراسرار واقعات کی وجہ سے مشہور ہے۔ 2012 ء میں اس شہر کے کئی مکینوں نے پراسرار واقعات کی خبر دی تھی۔ پاکستانی کرکٹر حارث سہیل نیند میں ڈرنے کے بعد تیز بخار میں مبتلا ہو گئے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف دو ونڈے میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے کرائسٹ چرچ کے ہوٹل میں قیام پذیر ہیں۔ پاکستانی آل رائونڈر حارث سہیل کے مطابق وہ اپنے کمرے میں سوئے ہوئے تھے کہ اچانک انہیں ایسا محسوس ہوا کہ کسی نے سوتے میں شدت کے ساتھ جھنجوڑا اور اس کی وجہ سے وہ اچانک بیدار ہو گئے۔ جس ہوٹل میں پاکستانی ٹیم کو ٹھہرایا گیا ہے اس کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ آسیب زدہ ہے لیکن ہوٹل انتظامیہ نے اس دعویٰ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حارث سہیل ڈراونے خواب کے باعث بخار میں مبتلا ہوئے ہیں۔