نئی دہلی۔ 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں نے خط ِ اعتماد کا سامنا کئے بغیر کرناٹک کے چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا کے استعفیٰ کو سکیولر جمہوری طاقتوں کی فتح قرار دیا ہے۔ سی پی آئی کے لیڈر ڈی راجہ نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’یہ سکیولر جمہوری قوتوں کی فتح ہے۔ بی جے پی کے پاس درکار تعداد نہیں تھی لیکن گورنر نے انہیں تشکیل حکومت کی دعوت دی تھی۔ اس پارٹی کو ارکان کی خرید و فروخت کے لئے وقت دیا گیا تھا۔ کرناٹک نے دکھا دیا ہے کہ بی جے پی کا زوال شروع ہوچکا ہے‘‘۔ سکیولر جمہوری جماعتوں کو کرناٹک سے یہ سبق لینا چاہئے کہ اتحاد کی تشکیل کے ذریعہ بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھا جاسکتا ہے۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے جے ڈی (ایس) ۔کانگریس اتحاد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ علاقائی طاقتوں کی جیت ہے۔ ممتا بنرجی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’جمہوریت کی جیت ہوئی۔ کرناٹک کو مبارکباد۔ دیوے گوڑا جی، کمارا سوامی جی کو مبارکباد۔ کانگریس اور دیگر جماعتوں کو بھی علاقائی محاذ کی کامیابی پر مبارکباد‘‘۔ ممتا بنرجی نے 2019ء میں لوک سبھا کے انتخابات میں نریندر مودی حکومت کیخلاف مقابلہ کیلئے فیڈرل فرنٹ کے قیام کا نظریہ پیش کی تھیں۔