جمہوریت کانگریس کے خو ن میں نہیں : بی جے پی

نئی دہلی ۔ 4 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کی جانب سے 25 پارٹی لوک سبھا ارکان کی معطلی کو ’’جمہوریت کا قتل ‘‘ قرار دینے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے خون میں کوئی جمہوریت ہی نہیں ہے جوکہ ’’ماں بیٹا ‘‘ چلارہے ہیں ۔ مرکزی وزیر پرکاش جاودیکر نے پارلیمنٹ کے مانسون سیشن میں خلل اندازی اور کارروائی کو تعطل کا شکار بنانے کیلئے کانگریس سربراہ اور نائب صدر راہول گاندھی کو مورد الزام قرار دیا ۔ انھوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹی نے نریندر مودی کی کامیابی سے حسد کا شکار ہوکر اس طرح کی ہٹ دھرمی کا رویہ اختیار کر رکھا ہے ۔ پرکاش جاودیکر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی پارلیمنٹ میں تب ہی بات کریں گے جب اپوزیشن ایوان کی کارروائی چلنے دے ۔ انھوں نے حکومت کی جانب سے تعطل کوختم کرنے کی کوششوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ سرکاری بنچس اپنی کوشش کررہی ہیں لیکن کانگریس دوری اختیار کررہی ہے ۔