سرینگر 25 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پی ڈی پی اور بی جے پی جو جموں و کشمیر کے اسمبلی انتخابات میں ابھر آنے والی دو بڑی پارٹیاں ہیں ، دونوں نے تشکیل حکومت کے بارے میں آج رات یہاں بات چیت شروع کی۔ بی جے پی جنرل سکریٹری رام مادھو جو جموں سے آج شام یہاں پہنچے، انہوں نے سینئر پی ڈی پی لیڈر مظفر حسین بیگ کے ساتھ بات چیت کے دو علحدہ راونڈ منعقد کئے ،پہلا راونڈ بیگ کی قیام گاہ پر ہوا اور دوسرے دور میں دونوں کی ملاقات ایک ہوٹل میں ہوئی جہاں مادھو کا قیام ہے ۔ مادھو جنہوں نے دن میں قبل ازیں جموں میں بی جے پی کے نو منتخب ایم ایل ایز کی میٹنگ میں شرکت کی،انہوں نے سرینگر میں وادی کی دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ساتھ بھی آج شام سلسلہ وار اجلاس منعقد کئے جو اس ریاست میں نئی حکومت تشکیل دینے کی کوششوں کا حصہ ہے ۔
بیگ نے قبل ازیں دن میں کہا تھا کہ بی جے پی اور پی ڈی پی قیادت کو اگلی حکومت کی تشکیل کیلئے ایک دوسرے سے بات چیت کرنا چاہئے ۔ 87 رکنی ریاستی اسمبلی کے لئے منعقدہ انتخابات میں پی ڈی پی نے 28 نشستیں حاصل کئے جبکہ بی جے پی کو 25 نشستیں ملی۔ان دو جماعتوں میں اگر اتحاد نہیں ہوپاتا ہے تو 15 نشستوں کی حامل نیشنل کانفرنس کا موقف کلیدی ہوجاتا ہے ، جس نے آج رات بی جے پی کے ساتھ کسی بھی ممکنہ تعلق کو خارج ازامکان بتایا ۔سبکدوش چیف منسٹر عمر عبداللہ نے واضح طور پر کہا کہ این سی اور بی جے پی کے درمیان تشکیل حکومت کے مسئلہ پر کوئی معاملت نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی بات چیت ہورہی ہے ۔ عمر نے ٹوئٹر پر ادعا کیا کہ پی ڈی پی ،بی جے پی اور کانگریس کی قیادت آگے بڑھ کر نئی حکومت تشکیل دے گی