جموں و کشمیر میں یکم مارچ کو حکومت کی ممکنہ تشکیل

نئی دہلی ۔23 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر میں پی ڈی پی ۔ بی جے پی مخلوط حکومت جس کی سربراہی مفتی محمد سعید کریں گے ، ممکن ہے یکم مارچ کو حلف لے گی جبکہ دونوں پارٹیوں نے تمام مسائل کی یکسوئی کرلی ہے جن میں افسپا اور آرٹیکل 370 کے بارے میں اختلافات دور کرلینا شامل ہے ۔ مخلوط اتحاد کو باقاعدہ بنانے کیلئے قطعی مراحل طئے کرنے کیلئے پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی امکان ہے کل یہاں صدر بی جے پی امیت شاہ سے ملاقات کریں گی ۔ دونوں پارٹیوں کے درمیان 7 ہفتے طویل مذاکرات کے بعد یہ صورتحال سامنے آئی ہے ۔ محبوبہ ۔ امیت شاہ ملاقات کے بعد پی ڈی پی کے سرپرست اعلیٰ مفتی سعید اس ہفتے کے اواخر وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ میٹنگ منعقد کریں گے ۔ دونوں پارٹیوں کی بات چیت سے باخبر ذرائع نے آج یہاں کہا کہ حلف برداری تقریب یکم مارچ کو منعقد ہونے کا امکان ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ تاریخ اس لئے منتخب کی گئی کہ اسے حلف برداری کیلئے اچھا دن سمجھا جارہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مفتی سعید مکمل چھ سالہ میعاد کیلئے چیف منسٹر ہوں گے اور بی جے پی کے نرمل سنگھ ڈپٹی چیف منسٹر بننے کا امکان ہے ۔ مفتی سعید نے قبل ازیں 2002 ء سے تین سال کیلئے کانگریس کے ساتھ مخلوط حکومت کی سربراہی کی تھی ۔ گزشتہ سال ڈسمبر میں منعقدہ اسمبلی چناؤ میں پی ڈی پی 87 رکنی ایوان میں 28 نشستوں کے ساتھ واحد بڑی جماعت بن کر اُبھری جبکہ بی جے پی کو 25 نشستیں حاصل ہوئیں۔ لمحہ آخر میں کسی رکاوٹ کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے ذرائع نے کہا کہ باہمی معاملت طئے ہوچکی ہے اور مفتی سعید ۔ مودی میٹنگ کے بعد مشترک اقل ترین پروگرام جاری کردیا جائے گا ۔ سردست دونوں پارٹیوں نے سی ایم پی کی تفصیلات کو پوشیدہ رکھا ہے ۔