سرینگر 22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات جاریہ سال کے اواخر تک منعقد شدنی ہیں، بدعنوانیوں کے خاتمہ کیلئے ریاست میں ایک نئی سیاسی پارٹی کی تشکیل کی جارہی ہے جس کا نام پیوپلز ری پبلکن پارٹی ہوگا ۔ نئی پارٹی کے جنرل سکریٹری محمد امین اندربی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک سادہ سی تقریب میں پیوپلز ری پبلکن پارٹی کی تشکیل کی رسم انجام دی جائے گی ۔ ہمارا اہم مقصد ریاست جموں و کشمیر سے بدعنوانیوں کا خاتمہ ہے کیونکہ المیہ یہ ہے کہ ریاست جموں و کشمیر بدعنوانیوں کے معاملہ میں تمام ریاستوں کی فہرست میں سب سے اوپر ہے ۔ پارٹی آنے والے اسمبلی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی اور گذشتہ 24 سال سے ریاست میں جاری جدوجہد سے متاثر ہ افراد کیلئے ایک باز آباد کاری مرکز بھی قائم کرے گی ۔