سخت ترین سیکورٹی انتظامات ‘ وادی میں تلاشی مہم
جموں ۔ 7 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر کے زائد از ایک درجن اضلاع کے 422 وارڈس میں شہری مجالس مقامی کے انتخابات کے پہلے مرحلہ کے تحت کل ووٹ ڈالے جائیں گے ‘ جس کیلئے جاری احتجاج پر آج ختم ہوگئی ۔ پُرامن رائے دہی کو یقینی بنانے کیلئے سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ پہلے مرحلہ کے تحت جموں کے 247 ‘ کشمیر کے 149 اور لداخ کے 26 حلقوں میں پیر کی صبح 7بجے شروع ہونے والی رائے دہی میں 1,283 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا ۔ جموں اور لداخ میں رائے دہندوں کو راغب کرنے کیلئے امیدواروں نے کوئی کسر نہیں چھوڑا تاہم وادی کشمیر میں مہم سست لروی اور سردمہری کا شکار رہی ۔ جہاں ریاست کی دو بڑی جماعتوں نیشنل کانفرنس ‘ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے ۔ علاوہ ازیں دھمکیوں اور تشدد سے بھی مہم متاثر ہوئی ہے جس کے پیش نظر سخت ترین سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ دوسرے مرحلے کے تحت 10اکٹوبر کو 384 وارڈس ‘ تیسرے مرحلے کے تحت 16اکٹوبر کو 132 وارڈس میں رائے دہی ہوگی اور 20اکٹوبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی ۔ چار مرحلوں کے تحت 1,145 وارڈس میں 2,990 امیدوار مقابلے کررہے ہیں ۔