جموں و کشمیر میں سیاسی غیریقینی صورتِ حال

دستوری بحران کیلئے پی ڈی پی ۔ بی جے پی ذمہ دار ، کانگریس کا الزام
جموں ۔ 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس نے آج جموں و کشمیر میں سیاسی غیریقینی صورتِ حال پر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اگر دونوں حلیف جماعتیں تشکیل حکومت میں ناکام ہوجائیں تو ازسرنو انتخابات کروائے جائیں۔ پارٹی کے صوبائی صدر دیویندر سنگھ رانا نے بتایا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بی جے پی نے ریاست میں سیاسی غیریقینی صورتحال اور دستوری بحران پیدا کیا ہے۔ اگر وہ (پی ڈی پی۔ بی جے پی) تشکیل حکومت سے قاصر رہیں تو گورنر این این ووہرہ سے رجوع ہوکر اپنا موقف واضح کریں تاکہ اسمبلی تحلیل کرتے ہوئے تازہ انتخابات منعقد کروائے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ڈی پی اور بی جے پی یہ محسوس کرتے ہیں کہ مشترکہ ایجنڈہ کی بنیاد پر 10 ماہ قدیم حکومت چلانے میں ناکام ہوگئے ہیں اور عوام کے ساتھ وعدہ خلافی کی گئی ہے۔ انہیں دوبارہ عوام سے رجوع ہونا چاہئے اور اس بات کیلئے ہم (نیشنل کانگریس) تیار ہیں۔ نیشنل کانفرنس لیڈر نے کہا کہ موقع پرست حلیفوں نے ریاست کو بحران سے دوچار کردیا ہے جبکہ اقتدار کی ہوس کیلئے عوام کے مفادات کو کچل دیا گیا۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کا ایک سالہ دور حکومت ناقص مظاہرہ سے عبارت رہا جبکہ ریاستی عوام نے ترقی، خوشحالی اور امن کیلئے پی ڈی پی۔ بی جے پی اتحاد کو کامیاب بنایا تھا۔