جموں و کشمیر مقننہ کی تقدیس برقرار رکھنے مفتی سعید کی ہدایت

جموں ۔ 16 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ریاستی مقننہ کو عظیم تقدیس اور احترام کا مقام قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر مفتی محمد سعید نے آج پہلی بار رکن اسمبلی منتخب ہونے والوں سے خواہش ظاہر کی کہ وہ قانون ساز ارکان کے اہم کردار کا وقار برقرار رکھیں تاکہ سماج بہتر انداز میں کارکرد رہ سکے۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر ادارہ برائے انتظامیہ ، عوامی نظم و نسق دیہی ترقیات کے زیر اہتمام منعقدہ ایک ورکشاپ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے پہلی بار رکن اسمبلی منتخب ہونے والوں کی حساسیت بیدار کرنے کے مقصد سے کہا کہ طریقہ کار کے قواعد اور جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں کارروائی کا انعقاد آج ایف ڈی آئی کامپلکس میں مقرر ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا ورکشاپ ہے جس کا اہتمام ریاست میں پہلی بار اسمبلی اور کونسل میں داخل ہونے والے ارکان کیلئے کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے اس بارے میں خصوصی ہدایت دی تھی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نرمل سنگھ، وزیر قانون و انصاف اور پارلیمانی امور سید بشارت بخاری اور وزارت کے دیگر ارکان کونسل اس تقریب میں شریک تھے، ایک دن طویل ورکشاپ میں نئے ارکان کا استقبال کرتے ہوئے چیف منسٹر ریاستی مقننہ کو طاقتور ایوان قرار دیا اور ارکان سے خواہش کی کہ وہ اس کے احترام کو یقینی بنائیں اور اس کی حفاظت کریں۔ انہوں نے نو منتخب ارکان اسمبلی سے اپیل کی کہ مباحث معیاری ہوں اور اپوزیشن کو چاہئے کہ حکومت کو اس کی کمزوریوں سے آگاہ کرتے ہوئے ہمیشہ چوکس رکھیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن ارکان حکومت کی کوتاہیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے مثبت کردار ادا کریں گے۔