جموں 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن نیشنل کانفرنس نے آج مہاراجہ ہری سنگھ کی یوم پیدائش کے موقع پر 23 ستمبر کو تعطیل کا اعلان کرنے کے لئے ایک قرارداد کی منظوری کے خلاف ایوان اسمبلی سے واک آؤٹ کردیا اور فی الفور دستبرداری کا مطالبہ کرتے ہوئے اُسے قواعد کی خلاف ورزی قرار دیا۔ ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی نیشنل کانفرنس رکن بی اے ویری اور دیگر پارٹی ارکان کے ساتھ اُٹھ کھڑے ہوگئے اور قرارداد کی منظوری کے خلاف احتجاج کیا اور کہاکہ یہ منظوری غیر جمہوری، غیر دستوری اور قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ واضح رہے کہ قانون ساز کونسل میں 24 جنوری کو ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے مہاراجہ ہری سنگھ کی یوم پیدائش کے موقع پر 23 ستمبر کو ریاستی تعطیل کا اعلان کیا تھا۔
اکالی دل اور کانگریس کے متعدد لیڈرعاپ میں شامل
جالندھر ،27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)پنجاب میں شرومنی اکالی دل اور کانگریس کے متعدد لیڈر کل عام آدمی پارٹی (عاپ) میں شامل ہو گئے ۔یہ لیڈر عاپ کے پنجاب انچارج سنجے سنگھ کی موجودگی میں پارٹی میں شامل ہوئے ۔ دوابا کے اہم لیڈروں اور دوابا او بی سی زون کے کانگریس انچارج تیجندر سنگھ ہیری اور ڈسٹرکٹ ویلفیئر سیل کے سکریٹری جنرل راجندر شرما نے کانگریس کی عوام مخالف پالیسیوں کی مخالفت کرتے ہوئے پارٹی کا ساتھ چھوڑکر عاپ پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔ اسی طرح نورمحل میں سابق اکالی ممبر اسمبلی آنجہانی گردیپ سنگھ بھلر کے بھائی ڈوگر سنگھ بھلر اور سابق صدر سمیت متعدد سرپنچ بھی عاپ میں شامل ہوئے ۔مسٹر سنجے سنگھ نے ان رہنماؤں کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے کانگریس کو دو مرتبہ مسترد کیا ہے ۔یہ وہ لوگ ہیں جو پنجاب کانگریس پر بالکل اعتماد نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں شامل ہونے والے لیڈروں کو مکمل احترام دیا جائے گا۔ عاپ پارٹی میں شامل ہونے کے بعد مسٹر ہیری نے کہا کہ ریاست میں عام آدمی پارٹی کے حق کی مضبوط لہر چل رہی ہے ۔ ہر علاقے کے لوگ آپ پارٹی سے جڑنا چاہتے ہیں۔