الہ آباد/جموں۔28جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی جو جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت کیلئے پی ڈی پی کے ساتھ بات چیت کررہی ہے ، اُس نے آج کہا کہ اس ریاست میں جلد ہی ’’جمہوری حکومت‘‘ قائم ہوجائے گی جب کہ اتحاد کیلئے وسیع تر شرائط کو قطعیت دی جارہی ہے۔مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے جاریہ بات چیت کے تعلق سے تفصیلات کا انکشاف کئے بغیر کہا کہ ہم بات چیت کررہے ہیں اور اُس پارٹی کا انکشاف کرنے سے بھی انکار کیا جس کے ساتھ بی جے پی تشکیل حکومت کے بارے میں مذاکرات کررہی ہے۔ بس اتنا کہا کہ ’’ یہ اندر کی بات ہے‘‘ ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جمہوری حکومت عنقریب تشکیل پاجائے گی ۔ اگرچہ راجناتھ نے مزید کوئی معلومات کا افشاء نہیں کیا لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان زیادہ تر مسائل کی یکسوئی ہوچکی ہے جن میں مشترک اقل ترین پروگرام شامل ہے، نیز متنازعہ مسائل جیسے آرٹیکل 370، مغربی پاکستان کے پناہ گزینوں کی بازآبادکاری، خود حکمرانی اور علحدگی پسندوں کے تعلق سے نرمی اختیار کرنا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر رکھنے کے علاوہ بی جے پی کو چند اہم قلمدان بھی حاصل ہوں گے جن میں اُمورداخلہ کیلئے مکمل اختیارات کے ساتھ کابینی وزیر شامل ہیں ۔ اس دوران پی ڈی پی اور بی جے پی دونوں پارٹیوں کے قائدین نے گورنر این این ووہرا کو علحدہ ملاقاتوں میں اپنی بات چیت میں پیشرفت کے تعلق سے واقف کرایا جب کہ وہ آنے والے راجیہ سبھا انتخابات میں اتحاد کیلئے بھی تیار ہیں ۔ پی ڈی پی رکن اسمبلی حسیب دروبا جو تشکیل حکومت کیلئے بات چیت کے معاملہ میں بی جے پی کے ساتھ پارٹی کے مذاکراتکار ہیں ، انہوں نے گورنر سے ملاقات کی جو پہلے ہی بی جے پی وفد سے ملاقات کرچکے تھے جس کی قیادت پارٹی کے جنرل سکریٹری رام مادھو نے کی ۔