کولکتہ ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : جمعیتہ العلماء ہند کے قائد صدیق اللہ چودھری جو کہ حلقہ اسمبلی منگل کوٹ سے ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کررہے ہیں ۔ اپنے انتخابی حلفنامہ میں اپنے اپ کو کروڑ پتی ہونے کا اعلان کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے روبرو داخل کردہ پرچہ نامزدگی کے مطابق 67 سالہ اقلیتی لیڈر نے بتایا کہ وہ 1.26 کروڑ روپئے مالیتی اثاثہ جات کے مالک ہیں ۔ جن میں کولکتہ ایرپورٹ کے قریب 80 لاکھ روپئے مالیتی 2 منزلہ عمارت ، بردوان میں 18 لاکھ روپئے مالیتی زرعی اراضیات اور 27 لاکھ روپئے مالیتی رہائشی پلاٹس شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں 10 ہزار روپئے نقد رقم اور ایک SUV گاڑی بھی رکھتے ہیں اور سالانہ آمدنی 3,81,000 روپئے حاصل ہوتی ہے ۔ جب کہ ان کی اہلیہ کے پاس 1,60,000 روپئے مالیتی زیورات ہیں ۔ انہوں نے 1971 میں دارالعلوم دیوبند سے فاضل کا کورس کیا ہے ۔ ضلع بردوان میں واقع حلقہ اسمبلی منگل کوٹ میں 21 اپریل کو رائے دہی منعقد ہوگی ۔۔