جمعہ کے دن ہولی ، احتیاطی بندوبست کا مطالبہ

نارائن پیٹ ۔ 5 ۔ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جمعہ کے دن ہولی تہوار کے پیش نظر پولیس پٹرولنگ اور مساجد کے قریب بندوبست کیلئے ڈی ایس پی نارائن پیٹ مسٹر سرینواس اور سرکل انسپکٹر مسٹر رویندر کمار سے نمائندگی کی گئی ۔ نمائندہ سیاست نارائن پیٹ مجاہد صدیقی نے ڈی ایس پی نارائن پیٹ کو بتایاکہ جمعہ مسلمانوں کی اجتماعی عبادت کا ایک اہم دن ہے اس دن صبح سے ہی لوگ نماز کی تیاری کرتے ہیں ۔ دوپہر 12.30 بجے اذان سے نماز کا وقت شروع ہوتا ہے اور تقریباً 3 بجے تک ٹاؤن کی تمام مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی ہوجاتی ہے ۔ اس دوران ہولی کھیلنے والوں کی بے احتیاطی سے نمازیوں پر رنگ و گلال گر جانے کے امکانات رہتے ہیں جو ناخوشگوار واقعہ کا موجب بھی بن سکتے ہیں ۔ انہوں نے ڈی ایس پی سے خواہش کی کہ احتیاطی اقدامات کے طور پر نماز کے اوقات کے دوران ایک دوسرے کا احترام کرنے اور پرامن طور پر جمعہ اور ہولی تہوار کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے پولیس پٹرولنگ اور مساجد کے قریب پولیس بندوبست کریں ۔ ڈی ایس پی نارائن پیٹ اور سرکل انسپکٹر نے نمائندہ سیاست کو تیقن دیا کہ نہ صرف نارائن پیٹ مستقر بلکہ اطراف و اکناف ڈیویژن کے دیگر مقامات پر اشرار کی جانب سے کسی بھی قسم کی شرارت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے دونوں طبقات سے جمعہ اور ہولی تہوار کو پرامن طور پر منانے کی اپیل کی ۔