جلی کٹو حامیوں کے خلاف تشدد تحقیقات کیلئے کمیشن آف انکوائری کا اعلان

چینائی۔/31جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت تاملناڈو نے اپوزیشن اور دیگر کے مطالبہ کو قبول کرتے ہوئے حالیہ جلی کٹو حامیوں کے احتجاج کے دوران میرینا بیچ اور دیگر مقامات پر تشدد اور پولیس کی مبینہ زیادتیو کی تحقیقات کیلئے کمیشن آف انکوائری کا اعلان کیا ہے۔ اسمبلی میں از خود بیان دیتے ہوئے چیف منسٹر اوپینیر سیلوم نے کہا کہ ریٹائرڈ ہائی کورٹ جج کی زیر قیادت کمیشن اندرون 3 ماہ تحقیقات مکمل کرلے گا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جلی کٹو پر عائد تحدیدات کی برخواستگی کے مطالبہ پر میرینا بیچ اور ریاست کے دیگر مقامات پر ایک ہفتہ طویل احتجاج میں شامل طلباء کے خلاف مقدمات سے دستبرداری اختیار کرلی جائے گی۔ واضح رہے کہ 23 جنوری کو جلو کٹو کے حامیوں کا احتجاج اسوقت پرتشدد ہوگیا جب پولیس نے مذکورہ کھیل کی اجازت دینے کیلئے آرڈینس کی اجرائی کے دو دن بعد احتجاجیوں کو بزور طاقت منتشر کردیا جس پر سیاسی اور تہذیبی  گوشوں نے مذمت کی تھی اور پولیس کی زیادتیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔