نئی دہلی ۔ /28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جلیانوالہ باغ قومی یادگاری چلانے والے ٹرسٹ کے مستقل رکن کی حیثیت سے کانگریس کے صدر کو مٹانے کے لئے لوک سبھا میں آج ایک بل پیش کردی گئی جو اس تاریخی یادگار کے ادارہ کو غیر سیاسی بنانے کے مقصد پر مبنی ہے ۔ جلیانوالہ باغ نیشنل میموریل (ترمیمی) بل کو ایوان میں پیش کرتے ہوئے وزیر تہذیبی امور مہیش شرما نے کہا کہ یہ د راصل ٹرسٹ کے رکن کی حیثیت سے کانگریس کے صدر کا حوالہ حذف کرنے کے لئے ہے ۔ اس ترمیمی بل سے ایوان میں واحد سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کے کسی لیڈر کو فرسٹ کارکن بنانے کی راہ بھی ہموار ہوگئی ہے ۔ موجودہ لوک سبھا میں کوئی بھی مسلمہ قائد اپوزیشن نہیں ہے ۔
اس ترمیمی بل سے ٹرسٹ کے کسی بھی قائد و رکن کو میعاد کی تکمیل سے قبل وجہ نمائی کا بغیر برطرف کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوجائے گا ۔ اس یادگار کے انتظام چلانے والے ٹرسٹ میں فی الحال وزیراعظم بحیثیت صدرنشین شامل ہیں ۔ ارکان میں انڈین نیشنل کانگریس کے صدر ، وزیر تہذیبی امور ، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر ، پنجاب کے گورنر ، پنجاب کے چیف منسٹر شامل ہیں ۔