جلدبازی میں کوچ کا انتخاب درست نہیں ہوگا : دھونی

میرپور ۔22 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی جوکہ بنگلہ دیش کیخلاف سیریز ہارنے والی ٹیم کے پہلے کپتان بھی بن گئے ہیں ، تاہم انھوں نے تنقیدوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ موجودہ حالات میں کوچ کا انتخاب جلد بازی میں کیا جانے والا فیصلہ ہوگا کیونکہ معاون عملہ میں کئی ایسے افراد موجود ہیں جو کہ کھلاڑیوں کا بہتر تعاون کرسکتے ہیں یاد رہے ورلڈ کپ کے بعد ڈنکن فلیچر کے ہندوستانی کوچ کے عہدہ سے سبکدوش ہونے کے بعد یہ موضوع کافی اہم رہا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کا اگلا کوچ کون ہوگا ۔ دھونی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بالآخر آپ بالواسطہ طورپر یہ کہہ رہے ہیں کہ ڈنکن فلیچر کی کمی محسوس ہورہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ میڈیا نے کبھی بھی فلیچر کی خدمات کو حوصلہ افزاء نظروں سے نہیں دیکھا حالانکہ فلیچر نے ہندوستان کیلئے کافی سخت محنت کی اور ٹیم کے ساتھ ایک عرصہ تک منسلک رہے ۔ دھونی نے ان خیالات کو بھی مسترد کردیا کہ ٹیم کو کوچ کی ضرورت ہے بلکہ دھونی نے کہا کہ معاون عملہ میں کئی ایسے لوگ موجود ہیں جو کھلاڑیوں کی ضروریات کو پورا کرسکتے ہیں ۔ دھونی نے بنگلہ دیش کے خلاف شرمناک شکست کے باوجود ٹیم اور اس کے کھلاڑیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ٹیم میں بہترین کھلاڑی شامل ہیں ۔ انھوں نے فاسٹ بولر بھونیشور کمار کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ تیز بولر نہیں ہے لیکن اپنی رفتار کے ساتھ بھی وہ بیٹسمینوں کو کافی پریشان کرتے ہیں تاہم کبھی اگر وہ ناکام ہوتے ہیں تو ٹیم کے دوسرے بولروں پر زائد ذمہ داری عائد ہورہی ہے۔