جعلی کرنسی ریاکٹ کا سرغنہ گرفتار

حیدرآباد 26 اگست (سیاست نیوز ) سائبر آباد پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم ( ایس او ٹی) نے جعلی کرنسی ریاکٹ کے سرغنہ امباٹی ایلم گوڑ کو جو شاہ میر پیٹ پولیس کانسٹبل قتل واقعہ میں ملوث ہے گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر سی وی آنند نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ایلم گوڑ کا تعلق امام باغ سدی پیٹ منڈل ضلع میدک سے ہے اور وہ 19 سنگین وارداتوں میںملوث ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ ماہ بالا نگر کی زونل ٹاسک فورس کی ایک ٹیم کو جعلی کرنسی ریاکٹ سے متعلق اطلاع موصول ہونے پر سب انسپکٹر وینکٹ ریڈی ،کانسٹبل ایشور اور دیگر نے اس ریاکٹ کے ارکان رگھو اور نریش کو مجید پور چوراہے واقع شاہ میر پیٹ کرنسی خریدنے کے بہانے طلب کیا اور وہاں پہنچنے پر فوری حراست میں لے لیا اور اُن کے قبضہ سے 1.5 لاکھ روپئے جعلی کرنسی برآمد کرلی ۔ حراست میں لیکر ان کی تفتیش کی جارہی تھی کہ انہوں نے جعلی کرنسی گینگ کے ارکان ایلم گوڑ ،مصطفی ،سریکانت اور دیگر نے سب انسپکٹر وینکٹ ریڈی اور کانسٹیبل ایشور پر اچانک حملہ کردیا۔ اس حملہ میں پولیس ملازمین زخمی ہوگئے اور جوابی کارروائی میں سب انسپکٹر نے ملزمین پر فائرنگ کی جس میں گینگ کا ایک رکن مصطفی برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ جبکہ دواخانہ کو منتقلی کے دوران کانسٹیبل ایشور راو فوت ہوگیا۔ یہ واردات انجام دینے کے بعد ایلم گوڑ اور سریکانت موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ رگھو ،نریش اور سریکانت کو شاہ میرپیٹ پولیس نے گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا۔کمشنر پولیس مسٹر سی وی آنند نے ایلم گوڑ سے متعلق مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ 19 سے زائد سنگین وارداتوں میں ملوث ہے اور وہ سابق میں ڈکیتی ،رہزنی ،سرقے اور قاتلانہ حملے کے واقعات میں بھی ملوث ہے ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 7.65 ایم ایم دیسی ساختہ بندوق ،ماروتی سوئفٹ کار اور 69 ہزار جعلی کرنسی برآمد کرلی ۔ مسٹر آنند نے بتایا کہ ایلم گوڑ کو عنقریب پولیس تحویل میں دیا جائے گا اور اس کی مزید تفتیش کی جائے گی۔