جعلی ویزوں کے نام پر روزگار کا جھانسہ

تین دھوکہ باز گرفتار ، جعلی ویزے و دیگر اشیاء ضبط ، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /7 اکٹوبر (سیاست نیوز) بیروزگار نوجوانوں کو جعلی ویزا کے ذریعہ خلیجی ممالک بھیجنے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپئے کی دھوکہ دہی میں ملوث تین دھوکے بازوں کو کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ 28 سالہ محمد مزمل ساکن معین باغ ریاست نگر ٹراویلس کا کاروبار چلاتا ہے نے مارچ سال 2016 ء میں شیخ خلیل پاشاہ ، محمد جعفر ، محمد رحیم اور دیگر نوجوانوں کو خلیجی ممالک بھیجنے کا دعویٰ کرتے ہوئے فی نوجوان سے 65 تا 75 ہزار روپئے جملہ 6 لاکھ 55 ہزار حاصل کرلئے ۔ متاثرہ افراد کی جانب سے جاب ویزا فراہم کرنے کے دباؤ کے پیش نظر مزمل نے اپنے دو ساتھیوں 23 سالہ محمد احمد اور 28 سالہ محمد عبدالاعظم کی مدد سے ویزٹ ویزا فراہم کئے اور انہیں یہ بھروسہ دلایا کہ شارجہ میں پہونچنے کے بعد انہیں وہاں کا مقامی ایجنٹ ملازمت فراہم کرے گا ۔ یہ بات غلط ثابت ہونے کے بعد نوجوان حیدرآباد واپس لوٹ آئے ۔ اتنا ہی نہیں محمد احمد ٹراویل ایجنٹ نے 7 جعلی ویزے فراہم کئے ۔ نوجوانوں نے ٹراویل ایجنٹس کی جانب سے فراہم کئے گئے جعلی ویزوں کا پتہ لگنے کے بعد شاہ علی بنڈہ پولیس سے ایک شکایت درج کروائی جس کے نتیجہ میں کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے مقامی پولیس کی مدد سے دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ ٹراویلس ایجنٹس محمد احمد اور محمد عبدالاعظم کے خلاف کسی قسم کی دھوکہ دہی میں ملوث ہونے پر پنجہ گٹہ اور فلک نما پولیس نے انہیں گرفتار کیا ۔ ٹاسک فورس نے گرفتار ملزمین کے قبضے سے 7 جعلی ویزے ، کمپیوٹر ، تین موبائیل فون برآمد کرلئے ۔