حیدرآباد /2 جون ( سیاست نیوز ) تلنگانہ جشن کی تیاریوں کے دوران پیش آئے افسوس ناک واقعہ میں پرانے شہر کا الیکٹریشن ہلاک ہوگیا ۔ عابڈس پولیس کے مطابق 40 سالہ سید احمد جو عیدی بازار فتح شاہ نگر علاقہ کا ساکن تھا ۔ پیشہ سے خانگی الیکٹریشن بتایا گیا ہے ۔ کل رات تلنگانہ جشن کیلئے جہاں شہر بھر کو سجایا جارہا تھا سید احمد نظام کالج میں جشن کی تیاریاں کر رہا تھا وہ گیٹ نمبر 2 نظام کالج میں کام کر رہا تھا کہ مشتبہ طور پر برقی شاک کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ انسپکٹر عابڈس مسٹر اوما مہیشور راؤ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے مشتبہ حالت میں موت کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔
ٹرین حادثات میں 2 افراد ہلاک
حیدرآباد /2 جون ( سیاست نیوز ) ریلوے پولیس کاچی گوڑہ حدود میں پیش آئے ٹرین حادثات میں دو افراد بشمول ایک خاتون ہلاک ہوگئی ۔ تاہم ان دونوں کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ کے مطابق ایک 28 سالہ شخص جو کل آرٹس کالج کے قریب ریلوے اسٹیشن کے پٹریوں کو عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا ۔ ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ نے بتایا کہ ایک نامعلوم خاتون جس کی عمر 60 سال بتائی گئی ہے سیتاپھل منڈی اور آرٹس کالج کے درمیان پیش آئے ٹرین حادثہ میں ہلاک ہوگئی ۔ ریلوے پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔