نئی دہلی، 19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ قومی جمہوری اتحادوالی حکومت نے آزادی کے بعد سے بجلی سے محروم 18000 گاؤوں میں بجلی پہنچا کر اپنے وعدے کو پورا کرنے کے ساتھ ہی ملک بھر میں بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری کیا ہے ۔مسٹر مودی نے جمعرات کو’پردھان منتری سہج بجلی ہر گھر یوجنا۔ سوبھاگیہ یوجنا’ کے مستفدین سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بات چیت کی۔ اس میں وہ لوگ شامل تھے جنہیں 2014 کے بعد بجلی مہیا کرائی گئی ہے ۔پچھلی حکومتوں کی جانب سے بجلی کی اہمیت کو نظر انداز کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جن لوگوں نے اندھیرا نہیں دیکھا ہے ، وہ روشنی کے معنی کو نہیں سمجھ سکتے ہیں، جن لوگوں نے اندھیرے میں اپنی زندگی بسرنہیں کی انہیں روشنی کی قیمت کا احساس کہاں سے ہوگا۔وزیر اعظم نے کہا کہ این ڈی اے حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ہزاروں گاؤوں کو بجلی پہنچائی گئی ہے ۔ پچھلی حکومت کی طرف سے کئے گئے جھوٹے وعدوں کے برعکس، موجودہ حکومت نے ہر گاؤں میں بجلی کے اپنے وعدے کو پورا کیا ہے اور ملک بھر میں اس کے نظام میں بہتر کی ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ آزادی کے 70 سال کے بعد بھی 18000 گاؤوں میں بجلی نہیں پہنچائی گئی تھی اب ان تمام گاؤوں تک بجلی پہنچا دی گئی ہے ۔ شمال مشرقی علاقے میں منی پور کے لیسانگ گاؤں کا 28 اپریل، 2018 کو آخری گاؤں کے طور پر بجلی پہنچائی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں گاؤوں کو بجلی پہنچاناتھوڑا مشکل تھا، کیونکہ ان میں سے زیادہ تر گاؤں دور دراز کے علاقوں، پہاڑی علاقوں اور خراب رابطہ والے علاقوں میں تھے لیکن تمام مشکلات کے باوجود باحوصلہ لوگوں کی ایک ٹیم نے ہر گاؤں میں بجلی کا خواب پوراکرنے کے لئے سخت محنت کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ مشرقی ہندوستان میں صورت حال بدل گئی ہے اس علاقے میں 18،000 گاؤوں میں سے 14،582 گاؤں میں بجلی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشرقی ہندوستان کی ترقی اور اس کے مکمل بجلی کو ترجیح دی اور اب ہندوستان کا مشرقی علاقہ ہندوستان کی ترقی کے سفر میں بھی ایک بڑا کردار ادا کر سکتا ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ ‘پردھان منتری سہج بجلی ہرگھریوجنا’ ملک کے ہر گھر میں بجلی پہنچانے کے مقصد سے شروع کی گئی ہے اور اب تک اس اسکیم کے تحت 86 ملین سے زائد خاندانوں کوبجلی پہنچائی جا چکی ہے ۔ اسکیم مشن موڈ پر ہے اور یہ چار کروڑ خاندانوں کے لئے بجلی کا کنکشن یقینی بنائے گی۔بات چیت کے دوران دور دراز کے گاؤوں کے مستفدین نے بتایا کہ بجلی نے ہمیشہ کے لئے ان کی زندگی کو بدل دیا ہے ۔ غروب آفتاب سے پہلے اپنا کام مکمل کرنے والے لوگوں اور لالٹین کے ذریعے مطالعہ کے لئے مجبور بچوں کی زندگی بجلی نے بہت آسان بنا دی ہے ۔ زیادہ تر فائدہ اٹھانے والوں نے کہا کہ ان کی روزمرہ کی زندگی میں بہت بہتر آئی ہے ۔مختلف سرکاری اسکیموں کا فائدہ اٹھانے والوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے وزیر اعظم کی بات چیت کی یہ 10 ویں سریز تھی۔