جسونت سنگھ کی وسندھرا راجے کے خلاف شکایت انتخابی عہدیداروں نے مسترد کردی

جیسلمیر 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)بی جے پی کے خارج شدہ قائد جسونت سنگھ نے چیف منسٹر وسندھرا راجے پر بار میر میں سیاسی سرگرمیوں کیلئے مذہبی مقامات کے استحصال کا الزام عائد کیا تھا ۔ ضلع انتظامیہ نے اس شکایت کو بے بنیاد قرار دیا ۔جسونت سنگھ بار میر لوک سبھا نشست سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ضلع انتخابی عہدیدار کو ہفتہ کے دن شکایت پیش کی تھی۔ کل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسونت سنگھ نے دعوی کیا تھا کہ وسندھرا راجے ان کے انتخابی حلقہ میں مختلف مذہبی مقامات کے دورہ کررہی ہے اور انہیں سیاسی سرگرمیوں کیلئے استعمال کررہی ہے ۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا تھا کہ انہوں نے محکمہ انتخابات سے مطالبہ کیا ہے کہ راجے کے اخراجات سفر میں ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ان کے انتخابی حلقہ کے دورہ کے اخراجات بھی بی جے پی کے امیدوار برائے بار میر سنارام چودھری انتخابی اخراجات میں شامل کئے جائیں ۔