خاتون گرفتار، دو لڑکیاں آزاد، رچہ کنڈہ پولیس کی یادگیری گٹہ میں تلاشی مہم
حیدرآباد /20 اگست ( سیاست نیوز ) رچہ کنڈہ پولیس نے جسم فروش دلالوں اور بردہ فروش کے خلاف کارروائی کو جاری رکھتے ہوئے آج ایک خاتون کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے دو لڑکیوں کو آزاد کروالیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈی سی پی بھونگیری یادادری زون کی قیادت میں یادگیری گٹہ علاقوں میں پولیس کی کارروائی جاری ہے ۔ اس سلسلہ میں پولیس نے کمسانی جیوتی نامی خاتون کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے دو لڑکیوں کو آزاد کروالیا ۔ غریب خاندانوں کی غربت کا فائدہ اٹھاکر دلال لڑکیوں کو خریدا کرتے ہیں اور ان بردہ فروش افراد کو لڑکیاں فروخت کردی جاتیں ۔ کمسانی جیوتی نے درمیانی دلالوں سے 40 ہزار روپئے میں لڑکی کو خریدا تھا ۔ اکثر یتیم لڑکیوں کو بھی یہ لوگ نشانہ بنایا کرتے تھے ۔ لڑکیوں کو اپنے پاس رکھ کر ان کے بالغ ہونے تک ان سے گھریلو کام کاج کروایا کرتے ہیں ۔ اس دوران ان کمسن لڑکیوں کو اذیت پہونچائی جاتی تھی اور مختلف انداز میں ہراساں بھی کیا جاتا تھا ۔ رچہ کنڈہ پولیس نے اس ریاکٹ کے بے نقاب ہونے کے بعد سخت اقدامات کرتے ہوئے اپنی کارروائی کو جاری رکھا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ رچہ کنڈہ پولیس نے تاحال 25 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں خواتین کی اکثریت ہے اور ان میں 3 افراد کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا اور ان کے قبضہ سے 26 لڑکیوں کو آزاد کروایا اور 7 قحبہ گیری کے ٹھکانوں کو مہربند کردیا ۔ رچہ کنڈہ پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس گرفتار تمام افراد کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرنے کا منصوبہ تیار کرچکی ہے اور ایسی مزید کارروائی کو جاری رکھا جائے گا ۔