جرنلسٹوں کو رہائشی پلاٹس کی منظوری کا تیقن

سنگاریڈی 28 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سداسیو پیٹ میں پریس کلب بلڈنگ کی تعمیر کے لئے اراضی اور فنڈس کی فراہمی کے علاوہ سداسیو پیٹ، کونڈاپور اور من پلی منڈلوں کے جرنلسٹوں کو فوری رہائشی پلاٹس منظور کروانے چنتا پربھاکر رکن اسمبلی سنگاریڈی نے آج دوپہر سداسیو پیٹ تعلقہ پریس کلب کے زیراہتمام ایم اے حاجی صدر تعلقہ پریس کلب کی زیرصدارت تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس (ٹی یو ڈبلیو جے) ضلع میدک کی جانب سے شائع کردہ دیدہ زیب میڈیا ڈائری سال 2015 ء کی رسم رونمائی انجام دینے کے بعد سداسیو پیٹ، کونڈہ پور اور من پلی کے صحافیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صحافیوں کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے ملازمین سرکار کی طرح ہیلت انشورنس اسکیم کو متعارف کروانے وزیر اعلیٰ سے نمائندگی کریں گے۔ تحریک تلنگانہ میں صحافیوں نے صف اول دستے کی مانند حصہ لیا اور ان کا رول ناقابل فراموش ہے۔ علیحدہ ریاست تلنگانہ کے ثمرات سے صحافی بھی مستفید ہوں گے۔ انھوں نے ٹی یو ڈبلیو جے کی جانب سے صحافیوں کیلئے انجام دیئے جانے والے فلاحی اقدامات کی ستائش کی اور کہاکہ میڈیا ڈائری ضلع میدک کے تفصیلی معلومات سے بھرپور ہے اور اس میں کم و بیش 700 سرکاری عہدیداروں کے علاوہ سیاسی قائدین کے ٹیلیفون نمبرات درج ہیں جوکہ عوام کے لئے مفید ہے۔ ایم اے حاجی صدر سداسیو پیٹ تعلقہ پریس کلب نے کہاکہ تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹ صحافیوں کی نمائندہ تنظیم ہے جس کے ضلع میدک میں 738 اور ریاست تلنگانہ میں تقریباً 10 ہزار ارکان ہیں۔ حال ہی میں محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نے صحافیوں کے ہیلت انشورنس کے لئے درخواستیں طلب کیں جس پر اس کو تقریباً 11 ہزار درخواستیں وصول ہوئیں جن میں 9 ہزار سے زائد درخواستیں ہماری یونین کے توسط سے داخل کی گئیں جو ثابت کرتا ہے کہ ٹی یو ڈبلیو جے ہی صحافیوں کی نمائندہ تنظیم ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹی یو ڈبلیو جے ضلع میدک گزشتہ 6 برس سے الحاج ایم اے قادر فیصل کی نگرانی میں ڈائری شائع کررہی ہے جوکہ معلومات سے بھرپور ہے۔ اس موقع پر شیوکمار ضلع جوائنٹ سکریٹری، رمیش ضلع آرگنائزنگ سکریٹری، نریش ضلع رکن عاملہ، بچنا جنرل سکریٹری تعلقہ پریس کلب، پانڈو، سدھوحین ، بھومیا، وٹھل، جئے رام سیٹھ، وجئے، رمیش، سریکانت و دیگر صحافی موجود تھے۔