جرمنی پہلے راؤنڈ سے باہر ہونے والی تیسری دفاعی چمپئن

ماسکو۔28 جون(سیاست ڈاٹ کام)ورلڈ کپ 2018 میں جرمنی کی جنوبی کوریا کے خلاف 2-0 سے شکست کے ساتھ ہی ایونٹ میں لگاتارپہلے ہی راؤنڈ میں ہی باہر ہونے والی تیسری دفاعی چیمپئن ٹیم بن گئی۔دفاعی چیمپئن اور ورلڈ کپ 2018 کے لیے پسندیدہ ٹیموں میں سے ایک تصور کی جانے والی جرمنی کی ٹیم جنوبی کوریا کے خلاف 2-0 کی حیران کن شکست کے ساتھ ہی عالمی کپ کے پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہو گئی۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ ورلڈ کپ کی دفاعی چیمپئن ٹیم پہلے راؤنڈ میں باہر ہوئی ہو بلکہ لگاتار تیسری مرتبہ عالمی کپ کی دفاعی چیمپئن ٹیم کو پہلے ہی راؤنڈ سے ناکام لوٹنا پڑا۔ورلڈ کپ میں سب سے پہلے ابتدائی راؤنڈ سے باہر ہونے والی دفاع چیمپئن ٹیم اٹلی تھی جو 1950 کے عالمی کپ کے پہلے راؤنڈ سے آگے نہ جا سکی۔1938 کے ورلڈ کپ میں اٹلی نے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا کے بعد جنگ عظیم دوم کی وجہ سے عالمی کپ منعقد نہ ہو سکا لیکن جب 12سال بعد ورلڈ کپ منعقد ہوا تو اٹلی کا سفر پہلے ہی راؤنڈ میں تمام ہو گیا۔اس بدقسمتی کا اگلا شکار برازیل کی ٹیم ہوئی تھی جب 1958اور1962 میں لگاتار دو مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی ورلڈ کپ کی تاریخ کی واحد ٹیم 1966 کے ایونٹ کے پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہو گئی تھی اور انگلینڈ نے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔اس کے بعد 8 ورلڈ کپ ٹورنمنٹس میںکوئی بھی دفاعی چیمپئن ٹیم پہلے راؤنڈ میں باہر نہ ہوئی تاہم نئے ملینیئم کا آغاز عالمی چیمپئن ٹیموں کے لئے اچھا ثابت نہ ہوا اور پانچ میں سے چار دفاعی چیمپئن ٹیموں کا سفر پہلے ہی راؤنڈ میں تمام ہوا۔اس بدقسمتی کا پہلا شکار 1998 کا ورلڈ کپ جیتنے والی فرانس کی ٹیم تھی جو 2002 ورلڈ کپ میں سینیگال جیسی کمزور ٹیم کے خلاف شکست سے دوچار ہونے کے بعد سنبھل نہ سکی اور ایونٹ کے پہلے ہی راؤنڈ سے ناکام گھر لوٹی۔2002 عالمی کپ کی چمپئن نے اگلے ایونٹ میں کامیابی کے ساتھ پہلے راؤنڈ کو پار کیا لیکن 2006 کی چیمپئن اٹلی کی ٹیم 2010 میں بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی۔