جرمنی : حزب اللہ پر پابندی کا معاملہ پارلیمنٹ میں زیر بحث

برلن ۔ 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) جرمن پارلیمنٹ آج جمعرات کے روز لبنانی ملیشیا حزب اللہ پر پابندی کا معاملہ زیر بحث لانے کی تیاری کر رہی ہے۔ یہ پیشرفت دائیں بازو کی جماعت “متبادل برائے جرمنی” (اے ایف ڈی) کی درخواست پر سامنے آئی ہے۔مذکورہ جماعت کے پارلیمانی بلاک نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کے لیے سفارش جاری کی جائے کہ عسکری اور سیاسی ونگ کی تفریق کے بغیر حزب اللہ پر مکمل پابندی عائد کی جائے کیوں کہ یہ جرمنی کے لیے خطرہ ہے۔اس سے قبل مقامی انٹیلی جنس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ 2018 میں جرمنی میں حزب اللہ کے ارکان کی تعداد 1050 تک پہنچ چکی ہے۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے چند روز پہلے اس امید کا اظہار کیا تھا کہ جرمنی بھی برطانیہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے حزب اللہ پر پابندی عائد کر دے گا۔