تلنگانہ مہاراشٹرا کے سرحدی پولیس عہدیدار کا اجلاس ، تعاون کیلئے تبادلہ خیال
بھینسہ۔ 2 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ اور پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے سرحدی اضلاع نرمل (تلنگانہ) اور ناندیڑ (مہاراشٹرا) محکمہ پولیس کی جانب سے ایک اجلاس کا انعقاد بھینسہ رورل پولیس اسٹیشن میں بارڈر کرائم میٹنگ کے نام سے عمل میں لایا گیا۔ اس اجلاس میں مہاراشٹرا کے ضلع ناندیڑ پولیس عہدیداران جن میں ایڈیشنل ایس پی بھوکر اویناش بارگل، ڈی ایس پی بھوکر جہاروار، پروبیشنر ڈی ایس، پی دھرما باد پرشانت ڈھولے کے علاوہ ضلع ناندیڑ حدود میں واقع تمام پولیس اسٹیشن کے سرکل انسپکٹران اور سب انسپکٹران شریک تھے جبکہ بھینسہ ڈیویژن کے پولیس عہدیداران میں ڈی ایس پی بھینسہ اندلے راملو کے علاوہ سرکل انسپکٹر بھینسہ ٹاؤن اے رگھو، مدہول، سرکل انسپکٹر، رگھوپتی اور سب انسپکٹران عبدالنظیر، اے تروپتی، پونم چندر ، سرینواس، سریش، محمد یونس علی، چندر شیکھر، اکرام اللہ خان کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ اس اجلاس میں دونوں ریاستوں کی سرحدی پولیس کے درمیان مختلف اُمور جس میں سرحدی علاقوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، مرکزی (اسمگلنگ) پر قابو، جرائم پر قابو کے علاوہ سرحدی علاقوں میں رات کے اوقات میں پولیس طلایہ گردی اور ایک دوسرے علاقہ کی پولیس کا تعاون اور دیگر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بھوکر (مہاراشٹرا) ایڈیشنل ایس پی اویناش بارگل اور بھینسہ (تلنگانہ) ڈی ایس پی اندے راملو نے مشترکہ بیان میں صحافیوں کو کہا کہ پولیس اصل مقصد امن و امان اور نظم و ضبط کی صورتحال کی برقراری کو ہمیشہ بنائے رکھنا اور تمام علاقوں سے جرائم اور مختلف قسم کے کرائم کا بنیادی طور پر مکمل خاتمہ کرتے ہوئے علاقائی کو پرامن ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ علاقہ کسی بھی قسم کے تشدد اور جرائم سے محفوظ رہے اور پولیس اپنی خدمات کے ذریعہ عوام اور علاقہ کو جرائم سے پاک صاف و شفاف ماحول فراہم کرسکے۔ اس لئے دونوں ریاستوں کے سرحدی اضلاع کی پولیس متحرک رہتے ہوئے ایک دوسرے کا تعاون کرتے ہوئے علاقہ کو جرائم سے پاک بنائے۔ واضح رہے کہ بھینسہ ڈیویژن پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے سرحدی علاقہ ہے جس کی وجہ سے گزشتہ کئی واقعات جرائم اور مختلف اسمگلنگ و دیگر پیش آئے ہیں جن کے خاتمہ کیلئے دونوں ریاستوں کی سرحدی پولیس متحرک ہوتے ہوئے بارڈر کرائم میٹنگ کے انعقاد کے ذریعہ جرائم کے مکمل طور پر خاتمہ کیلئے ایک دوسرے کے تعاون کیلئے اقدام کیا گیا۔