حیدرآباد ۔ یکم جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد پولیس نے روڈی عناصر اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ساؤتھ زون پولیس نے دو بدنام زمانہ روڈی شیٹرس محسن بن محمود سلطان اور تقی علی عرف چھوٹو کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے اُنھیں جیل بھیج دیا۔ پولیس نے بتایا کہ محمود سلطان سال 2007 ء سے جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے اور اُس نے کئی سنگین وارداتیں انجام دیں۔ جبکہ تقی علی جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہے جملہ 18 مقدمات میں ملوث ہے اور 2008 ء میں درج کئے گئے ایک مقدمہ میں اسے 8 ماہ کی قید بامشقت سزا سنائی گئی تھی۔ لیکن وہ جیل سے رہا ہونے کے بعد دوبارہ سرگرم ہوگیا اور عابڈس علاقہ میں اقدام قتل کی واردات میں ملوث ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ روڈی عناصر کی غیر قانونی سرگرمیوں سے مقامی افراد خوفزدہ تھے۔ جس کے نتیجہ میں پولیس نے ان کے خلاف پی ڈی ایکٹ جیسے سخت قانون کے تحت گرفتار کرتے ہوئے انھیں جیل بھیج دیا۔ واضح رہے کہ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہندر ریڈی نے دونوں شہروں میں جرائم پیشہ افراد کی غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانے کے لئے گزشتہ ایک سال سے پی ڈی ایکٹ نافذ کرنے کا شروع کیا ہے جس کے تحت عادی رہزن، عادی سارقین، روڈی شیٹرس اور فینانس کا کاروبار چلانے والے افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اُنھیں پی ڈی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا ہے۔