جدہ ،11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ کے شمال میں الفارابی گرلز کالج کے ایک ہاسٹل پر چار نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا، تاہم پولیس کی فوری مداخلت کے باعث کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ ’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ کو اپنے ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ مسلح چھاپہ مار پولیس کی آمد سے قبل ہی فرار ہو گئے تھے۔ فرار ہوتے ہوئے وہ ایک مشکوک گاڑی وہیں چھوڑ گئے۔ بعد ازاں پولیس نے اسے قبضے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق قبضے میں لی گئی گاڑی مسروقہ بتائی جا رہی ہے۔ تمام ملزمان موقع سے فرار ہوگئے تھے، جن کی تلاش کیلئے ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ تاہم آخری اطلاعات موصول ہونے تک کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی تھی۔