جدہ ۔16مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی این آر آئی اپنے وطن واپسی کے دوران جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹائیلٹ میں مردہ پایا گیا ۔ پولیس کو اطلاع دی گئی کہ 38سالہ شخص ڈپارچر لانچ میں واقع ایک ٹائیلٹ کے اندر مردہ پایا گیا ہے ۔ مکہ پولیس کے ترجمان عطی القریشی نے بتایا کہ اس نے ٹائیلٹ کے اندر پانی کے پائپ کو استعمال کرتے ہوئے پھانسی لے لی ۔ پولیس اس کیس کی تحقیقات کررہی ہے ۔
یہ مسافر سعودی عرب ایئر لائنز سے ممبئی جارہا تھا ۔ اس کی شناخت ایوب خان کی حیثیت سے کی گئی ہے جو جدہ میں ہاؤز ڈرائیور تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر اس شخص کا رویہ پُرتشدد بن گیا تھا اور وہ دوسرے مسافروں کیلئے خطرہ بن رہا تھا اس لئے حکام نے اسے طیارے میں سوار ہونے سے روک دیا تاکہ دوسرے مسافروں کی سلامتی کو یقینی بنایاجاسکے ۔بعدازاں اس کی نعش ٹائیلٹ سے برآمد ہوئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس شخص کو صرف ایگزٹ ویزا پر روانہ کیا جارہا تھا کہ اچانک اس نے ایئرپورٹ کے لانچ میں گڑبڑ شروع کردی ۔ حکام نے اسے پولیس کے حوالے کیا بعد ازاں اس نے ٹائیلٹ میں پھانسی لے لی۔