دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون میں اضافہ متوقع
قونصل جنرل مسانوری نکانو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : جاپان کے قونصل جنرل متعینہ چنائی مسٹر مسانوری نکانو نے کہا کہ جاپانی کمپنیاں ہندوستان میں بڑی دلچسپی لے رہی ہیں ۔ جاپان کے قونصل جنرل نے جو یہاں اوہرا اسکول آف یکیبانا کے زیر اہتمام ایک کتاب کی رسم اجراء تقریب کے موقع پر مخاطب کررہے تھے ، کہا کہ وزیر اعظم ہند نریندر مودی کے دورہ جاپان اور ہندوستان اور جاپان کے وزرائے اعظم کے درمیان ہوئی ثمر آور بات چیت اور معاہدوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید استحکام پیدا ہوگا اور معاشی تعاون میں اضافہ متوقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری آئے گی اور انہیں ایک نیا موڑ حاصل ہوگا جو بلندی پرپہنچائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں صنعتوں کے قیام کے نشانہ کو دوگنا کرنے کی تجویز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جاپان JICA کا استعمال کرتے ہوئے ہندوستان میں انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کا خواہاں ہے ۔ آندھرا پردیش کے بارے میں انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کے دورہ جاپان کے بعد جاپان اور آندھرا پردیش و تلنگانہ کے درمیان شراکت میں اضافہ متوقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ایک ایڈوانسڈ شہر ہے چند جاپانی کمپنیوں جیسے توشیبا نے یہاں چند فسیلیٹیز قائم کئے ہیں ۔ حیدرآباد میں آئی ٹی کمپنیوں کا اڈوانٹیج ہے تاہم انہیں اس بات کی توقع نہیں ہے کہ مزید کمپنیاں حیدرآباد کا رخ کریں گی لیکن مجموعی طور پر جاپانی کمپنیاں ہندوستان میں بزنس کو وسعت دینے کے لیے کافی دلچسپی کا مظاہرہ کررہی ہیں ۔ قبل ازیں انہوں نے گرانڈ ماسٹر آنجہانی ہوریو مینااننت نارائن کی کتاب ’’ اے لائف وتھ یکیبانا ‘‘ کی رسم اجراء انجام دی ۔۔