ملبورن۔ 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) میدان پر اپنا غصہ دکھانے کیلئے مشہور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان ویراٹ کوہلی نے آج کہا ہے کہ آسٹریلیائی کھلاڑیوں نے جب انہیں خراب انسان کہہ کر مخاطب کیا تو وہ اس فقرے سے بالکل متاثر نہیں ہوئے بلکہ حریف کھلاڑیوں کی اس نکتہ چینی کی بدولت وہ بہترین مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوئے اور کریر کی بہترین اننگز 169 رنز کی شکل میں کھیلی۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے یہاں ملبورن ٹسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر 462/8 رنز اسکور کرلئے ہیں تاہم وہ میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کے اسکور سے ہنوز 68 رنز پیچھے ہیں۔ کوہلی نے آج میدان پر میچل جانسن کے ساتھ ہوئی لفظی جھڑپ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ مجھے خراب انسان کہہ کر مخاطب کررہے تھے اور شاید ان کی یہی نکتہ چینی نے مجھے بہترین مظاہرہ کرنے کی ہمت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میزبان کھلاڑی مجھ سے نفرت کرتے ہیں اور وہ چیز مجھے پسند آتی ہے۔ ویراٹ کوہلی نے یہ بات اعتراف کیا ہے کہ وہ میدان پر حریف کھلاڑیوں سے تکرار سے نہیں شرماتے اور سمجھتے ہیں کہ یہی چیز ان کے لئے سود مند ثابت ہوتی ہے۔ کوہلی نے کہا کہ آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم میں کئی ایسے کھلاڑی ہیں جن سے ان کی دوستی ہے اور وہ چند ایسے کھلاڑی بھی ہیں جن کیساتھ ان کی نہیں بنتی۔ کوہلی کا کہنا ہے کہ جو کھلاڑی ان کی عزت نہیں کرتے وہ بھی ان کی عزت نہیں کرتے اور یہی وجہ ہے کہ جب جانسن نے ان کیساتھ لفظی جھڑپ کی تو اب وہ نہیں سمجھتے کہ جانسن کی عزت کرنے کا کوئی مطلب ہے۔ کوہلی اور اجنکیا راہنے نے چوتھی وکٹ کیلئے آج 262 رنز اسکور کرتے ہوئے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے اسکور 530 رنز کا بہترین جواب دیا ہے۔